سپورٹس اپ ڈیٹ ؛؛ کھیل کے میدان سے

سپورٹس اپ ڈیٹ ؛؛ کھیل کے میدان سے

ساوتھمپٹن : آسٹریلیا نے انگلینڈ کو تیسرے ٹی20میں5وکٹوں سے شکست دے دی،3میچز کی سیریز میں انگلینڈ2-1سے کامیاب کے بعد آسٹریلیا ٹی20رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگیا۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے انگلینڈ کو تیسرے اور آخری ٹی20 انٹرنیشنل میچ میں5 وکٹوں سے ہرا کر خود کو وائٹ واش سے بچا لیا۔

ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ میزبان ٹیم کے جونی بیرسٹو نے سب سے زیادہ 55 رنز بنائے جبکہ جو ڈینلی29 اور معین علی 23 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 145 رنز بنائے، آسٹریلوی بالر ایڈم زیمپا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے اچھا آغاز کیا اور اس کی پہلی وکٹ 31 رنز پر گری۔

آسٹریلیا کے کپتان ایرن فنچ نے سب سے زیادہ 39 رنز بنائے جبکہ مچل مارش بھی 39 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔146رنز کا ہدف آسٹریلیا نے3 بالز قبل حاصل کر کے خود کو سیریز میں وائٹ واش ہونے سے بچا لیا۔

انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ساؤتھمپٹن میں ہونے والی فتح کے بعد آسٹریلیا آئی سی سی ٹی20رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگیا۔

واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز کے ابتدائی 2 میچز میں انگلنیڈ نے آسٹریلیا کو شکست دے کر سیریز پہلے ہی اپنے نام کرلی تھی۔

لاہور: مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد نے انگلینڈ کیخلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے سے انکار نہیں کیا تھا۔

پی سی بی کی ایک آڈیو کلپ میں ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر نے کہاکہ کھیلنے سے انکار کی کوئی بات نہیں تھی،مجھے علم تھا کہ کوئی پوری سیریز کے آخر میں میچ کھیل رہا ہو تو اضافی دباؤ ہوتا ہے کہ 19،20نہ ہوجائے۔

انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت بابر اعظم اور یونس خان نے سرفراز سے بات کی کہ بے فکر ہوکر کھیلو،تم نے پوری سیریز میں سخت محنت کی، کم از کم آخری میچ توکھیلنا چاہیے،اس بات کا دباؤ نہ لو کہ پرفارمنس میں کم بیشی ہوگئی تو اس کا مستقبل پر اثر پڑے گا، آپ ہمارے پلان کا حصہ ہیں،اس کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین مطمئن اور خوش ہوکر کھیلے۔

کولمبو:  لنکا پریمیئر لیگ سے پاکستان کے بڑے اسٹارز بھی منسلک ہوں گے۔

لنکا پریمیئر لیگ میں مینٹور کیلیے سابق اسپیڈ مرچنٹس وسیم اکرم اور شعیب اختر کے نام بھی سامنے آگئے، برائن لارا اور ویوین رچرڈز بھی مختلف ٹیموں سے منسلک ہوں گے۔

ایونٹ منیجنگ گروپ کے آفیشل کا کہنا ہے کہ مناف پیٹیل اورپراوین کمار سمیت کچھ بھارتی کھلاڑیوں کی ایونٹ میں شرکت متوقع ہے۔

ساؤتھمپٹن:  معین علی ٹی 20 انٹرنیشنل میں انگلینڈ کی کپتانی کرنے والے پہلے ایشیائی نژاد کرکٹر بن گئے۔

معین علی نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں انگلینڈ کی کپتانی کرنے والے پہلے ایشیائی نژاد کرکٹر کا اعزاز آسٹریلیا سے تیسرے ٹوئنٹی 20انٹرنیشنل میں حاصل کیا، ایو مورگن انجری کی وجہ سے میچ میں حصہ نہ لے سکے۔

مہمان ٹیم کی دعوت پر میزبان نے پہلے بیٹنگ کی، انگلینڈ پہلے ہی سیریز 2-0 سے اپنے نام کر چکا تھا۔

راجستھان رائلز کے انگلش آل راؤنڈر بین سٹوکس کی آئی پی ایل کے ابتدائی میچز میں نمائندگی مشکوک ہوگئی جو کینسر میں مبتلا 64 سالہ والد کی تیمار داری کیلئے کرائسٹ چرچ میں موجود ہیں اور ٹورنامنٹ کیلئے یو اے ای آمد پر انہیں 14روزہ قرنطینہ مکمل کرنا ہوگا۔ 29 سالہ بین سٹوکس نے اب تک انگلینڈ کے لیے 67 ٹیسٹ،95 ون ڈے اور 26 ٹی ٹونٹی میں مجموعی طور پر 7415 رنز سکور کرنے کے ساتھ ساتھ 242 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں ۔
آئی پی ایل میں بین سٹوکس اب تک کوئی قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکے ہیں اور 34 میچز میں 22.68 کی اوسط سے 635 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 8.26 کے اکانومی ریٹ سے 26 وکٹیں حاصل کرسکے ہیں۔ یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کا 13 واں ایڈیشن متحدہ عرب امارات میں 19 ستمبر سے شروع ہوگا، انڈین پریمیر لیگ کے فائنل سمیت تمام میچز یو اے ای کے 3 مقامات دبئی، شارجہ اور ابوظہبی میں کھیلے جائیںگے، لیگ کا فائنل میچ 10 نومبر کو کھیلا جائیگا اور لیگ میں فائنل سمیت 53 میچز کھیلے جائیںگے۔

ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق یہ ایونٹ رواں سال 29 مارچ سے بھارت میں شیڈول تھا لیکن عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے 15 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے 14 اپریل کو اس اعلان کے بعد کہ بھارت میں لاک ڈاون کم از کم 3 مئی 2020ء تک جاری رہیگا، بی سی سی آئی نے ٹورنامنٹ کو غیر معینہ مدت کیلئے معطل کردیا۔ 2 اگست 2020ء کو اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ یہ ٹورنامنٹ 19 ستمبر سے 10 نومبر 2020ء کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائیگا۔
واضح رہے کہ 2014ء میں ہندوستان میں انتخابات کی وجہ سے آئی پی ایل کا آدھا سیزن یو اے ای منتقل ہوگیا تھا یوں متحدہ عرب امارات اس سے قبل 2014ء میں آئی پی ایل کے میچز کی میزبانی کرچکا ہے۔ آئی پی ایل کے 13 ویں ایڈیشن میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کرینگی۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم سب سے زیادہ 4 مرتبہ لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔ لیگ کا پہلا ایڈیشن 2008ء میں کھیلا گیا تھا جو راجستھان رائلز نے جیتا تھا۔ شین واٹسن راجستھان رائلز کی قیادت کی تھی۔ لیگ میں اب تک بھارت کے ویرات کوہلی 5412 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر جبکہ سری لنکا کے فاسٹ بائولر لاستھ مالنگا نے 170 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹ حاصل کی ہیں۔

لاہور:  مصباح الحق ناکامیاں چھپانے کیلیے بہانوں کی آڑ لینے لگے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے پہلی سے چوتھی پوزیشن پر جانے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہاکہ جب میں نے ایک سال قبل چارج سنبھالا تو گرین شرٹس کی شکستوں کا سفر شروع ہوچکا تھا، فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے والے اہم کھلاڑی فخرزمان، شاداب خان اور حسن علی آؤٹ آف فارم ہوچکے تھے۔

انہوں نے کہا کہ گرین شرٹس کو جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز اور انگلینڈ میں کھیلے جانے والے واحد ون ڈے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا،ہم اب درست سمت میں گامزن ہیں اور جس طرز کی کرکٹ ہم کھیلنا چاہتے ہیں۔ بتدریج اس کی جانب بڑھ رہے ہیں،انگلینڈ کیخلاف سیریز میں اس کی جھلک بھی نظر آئی۔
دوسری جانب حقائق مصباح الحق کے بیان سے برعکس نظر آتے ہیں،سرفراز احمد کی زیرقیادت جنوبی افریقہ میں پاکستان کو ایک میچ میں 6اور دوسرے میں 7رنز سے مات ہوئی، تیسرے میں 27رنز کی فتح حاصل کی،انگلینڈ میں واحد میچ میں 7وکٹ سے شکست ہوئی۔

مصباح الحق نے کمان سنبھالی توکمزور اور نوآموز سری لنکن ٹیم نے پہلے میچ میں 64، دوسرے میں 34رنز سے زیر کیا،تیسرے میں 13رنز سے مات دی۔ اس سیریز میں عمراکمل اور احمد شہزاد کو بغیر کسی پرفارمنس کے اچانک اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا، دونوں ناکام ہوئے،مصباح الحق کی سلیکشن کو پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

آسٹریلیا میں ایک میچ بارش کی نذر ہوا، دوسرے میں گرین شرٹس کو 7، تیسرے میں 10وکٹ سے شکست فاش ہوئی،کمزور بنگلہ دیشی ٹیم کیخلاف ہوم سیریز میں ایک مقابلہ 5، دوسرا 9وکٹ سے جیتا،تیسرا میچ بارش کی وجہ سے نہ ہوسکا۔

انگلینڈ کیخلاف پہلے میچ میں 5وکٹ سے مات ہوئی،دوسرے میں 5رنز سے کامیابی حاصل کی،مجموعی طور پر 12میچز میں صرف 3فتوحات ہاتھ آئیں،ان میں سے 2بنگلہ دیش کیخلاف اور وہ بھی ہوم سیریز میں تھیں۔

یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ2016کے بعد مکی آرتھر کی کوچنگ میں 37 میں 30میچز جیتنے والی پاکستان ٹیم کامیابی کے سب سے بہتر تناسب کے ساتھ 27ماہ تک عالمی نمبر ون پوزیشن پر قابض رہی،کمزور سری لنکن ٹیم سے ہوم گراؤنڈ پر شکستوں سے زوال کا حقیقی سفر شروع ہوا۔

کراچی:  عالمی وبا کے دنوں میں بھی پی سی بی کی شاہ خرچیاں جاری ہیں جب کہ دنیا بھر کے بورڈز اسٹاف یا تنخواہوں میں کمی کر رہے ہیں۔

کورونا وائرس نے دنیا بھر کو بْری طرح متاثر کیا ہے، کرکٹ کا بھی اس پر گہرا اثر پڑا،اسی وجہ سے آسٹریلیا اور انگلینڈ سمیت کئی بورڈز نے اپنے اسٹاف  اور تنخواہوں میں کمی کردی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوئی دور اندیشی نہیں دکھائی، گوکہ فی الحال تو مالی مسائل درپیش نہیں لیکن  اسپانسر شپ رقوم میں کمی،آئی سی سی سے شیئر میں تاخیر اور میڈیا رائٹس معاہدے میں ممکنہ مشکلات کے سبب اسے بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ البتہ حکام نے اس کے باوجود شاہ خرچیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ کچھ عرصے قبل خاموشی سے  کئی ملازمین کا پروموشن ہوگیا،ان کے گریڈز اور تنخواہوں میں بھی اضافہ کیاگیا ہے، شعبہ انٹرنیشنل کرکٹ سمیت ایچ آر اور فنانس ڈپارٹمنٹس میں بھی بعض آفیشلز کی ترقیاں ہوئی ہیں،ان دنوں ملک میں کرکٹ نہیں ہو رہی اس کے باوجود ہائی پرفارمنس سینٹر کیلیے بھی بھاری تنخواہوں پر تقرریاں کی  گئی ہیں۔ ان سب کی تنخواہوں پر بورڈ کی بھاری رقم خرچ ہو گی۔

بعض سابق ٹیسٹ کرکٹرز کے بارے میں تو عام تاثر یہی ہے کہ انھیں میڈیا میں سخت باتیں کرنے سے روکنے کیلیے ذمہ داری سونپی گئی، دوسری جانب چند ماہ قبل سروسز قوانین میں بھی تبدیلی کر دی گئی  اور گورننگ بورڈ سے اس کی منظوری بھی لے لی گئی تھی۔

اس حوالے سے رابطے پر پی سی بی کے ترجمان نے بعض آفیشلزکو ترقی دینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ معمول کی بات اور ایسا ہوتے رہتا ہے۔

ہالینڈ کے ویسلے کولہوف اور انکے کروشین جوڑی دار نکولا میکٹک رواں سال کے دوسرے گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز فائنل میں پہنچ گئے جبکہ امریکہ کے ٹینس سٹار راجیو رام اور انکے برطانوی جوڑی دار جو سالسبری پر مشتمل تھرڈ سیڈڈ جوڑی میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں ہار کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ۔
امریکہ کے شہر نیویارک سٹی میں یو ایس ٹی اے بلی جین کنگ نیشنل ٹینس سینٹر میں کھیلے جارہے میگا ایونٹ کے مینز ڈبلز سیمی فائنل میچ میں ہالینڈ کے ویسلے کولہوف اور انکے کروشین جوڑی دار نکولا میکٹک نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکہ کے ٹینس سٹار راجیو رام اور انکے برطانوی جوڑی دار جو سالسبری پر مشتمل تھرڈ سیڈ جوڑی کو سیدھے سیٹس میں 7-6(7-3) اور 6-4 سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا جہاں انکا مقابلہ کروشین میٹ پاویک اور انکے برازیلین جوڑی دار برونو سواریز پر مشتمل دوسری فائنلسٹ جوڑی سے ہوگا، انہوں نے دوسرے سیمی فائنل میچ میں ہالینڈ کے جین جولین راجر اور انکے رومانین جوڑی دار ہوریا ٹکایو کو 6-4 اور 7-5 سے ہرا کر میگا ایونٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔

ڈائریکٹر ہائی پرفامنس ندیم خان نے کہا کہ ڈومیسٹک کیلنڈر 21-2020 کو حتمی شکل دیتے وقت ہم نے نہ صرف وائٹ بال کے تینوں عالمی مقابلوں کو مد نظر رکھا بلکہ اس بات کا بھی خیال رکھا کہ اپنے معاہدوں کو بہتر بنایا جائے جس سے کھلاڑیوں کو معاشی فائدہ بھی حاصل ہو سکے اور وہ اپنی فٹنس اور فارم کے معیار کو بہتر بنا کر فرنچائز کرکٹ اور قومی ٹیم کیلئے مضبوط امیدوار بنیں۔ پی سی بی اپنے فنڈز اور آمدن کرکٹ کے ذریعے ہی بناتا ہے ۔ڈومیسٹک کرکٹرز کا اس اضافے سے ہمت اور حوصلہ بڑھے گا اور وہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے بلکہ ان میں مزید بہتر کنٹریکٹ کے حصول کا جذبہ بھی بڑھےگا

آئی سی سی کی نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان نے پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کپتان بابر اعظم سے پہلی پوزیشن چھین لی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )  کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کی تازہ رینکنگ جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق ڈیوڈ ملان پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے بلے بازوں کی فہرست  میں چار درجے ترقی پاکرپہلے نمبر پر آگئے ہیں۔

بابر اعظم ایک درجے تنزلی کے بعد دوسرے نمبر آگئے ہیں جبکہ آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کی تیسری پوزیشن برقرار ہے۔

بھارت کے کے ایل راہول دو درجےاور نیوزی لینڈ کے کولن منرو ایک درجہ تنزلی کے بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے گلین میکسویل کی چھٹی پوزیشن برقرار ہے۔


Notice: Undefined variable: aria_req in /home/ahemnew1/public_html/wp-content/themes/Ahmad Theme/comments.php on line 73

Notice: Undefined variable: aria_req in /home/ahemnew1/public_html/wp-content/themes/Ahmad Theme/comments.php on line 79

اپنا تبصرہ بھیجیں