مولانا معاویہ اعظم MPA جھنگ نے صحافیوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ھوئے جھنگ کی ترقی کا مستقبل کا پلان بتا دیا ۔ رپورٹ یوسف تبسم

جھنگ ممبر صوبائی اسمبلی مولانا محمد معاویہ اعظم طارق نے کہا ہے کہ الیکشن میں آزاد حیثیت سے منتخب ہونے کے بعد پی ٹی آئی کی حکومت کو سپورٹ کا اعلان انہوں نے پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کے اعلان اور پارٹی قیادت سے ایک عرصہ سے پسماندہ ضلع جھنگ کے لئے ترقیاتی فنڈز کے اجراءکے وعدے پر کیا اور اب اس وعدے کے تکمیل کے اثرات نظر آنے شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر انہوں نے حکومت کو جھنگ کی ترقی کا چار نکاتی ایجنڈا دیا ہے جس میں یونیورسٹی آف جھنگ کے لئے فنڈز کی فراہمی، زیر تعمیر ٹی بی ہسپتال کی تکمیل، شہر کے سیوریج سسٹم کی بحالی اور اندورن شہر کی سڑکوں کی تعمیر اور موٹر وے تک مین شاہراوں کو ایکسپریس وے میں تبدیل کرنا شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب میں ”میٹ دی پریس“ پروگرام میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا محمد معاویہ اعظم طارق نے کہا کہ ایک عرصہ سے یونیورسٹی آف جھنگ کی تعمیر جھنگ کے سیاستدانوں کی سیاست کی نظر ہو رہی تھی لیکن اب ان کی کاوش سے نہ صرف یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تعیناتی عمل میں آ چکی ہے بلکہ دیگر سٹاف کی ریکروٹمنٹ کے لئے اخبار اشتہار بھی شائع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد نہ صرف یونیورسٹی آف جھنگ کی عارضی کلاسز شروع ہو جائیں گی بلکہ یونیورسٹی کی بلڈنگ کی تعمیر کا کام بھی شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ہر ممکن بہتری کے ساتھ ساتھ زیر تعمیر ٹی بی ہسپتال کی بلڈنگ کو آئندہ چھ ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا جس کا اعلان صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے 30جون کو اپنے دورہ جھنگ کے دوران کیا۔ مولانا محمد معاویہ اعظم نے کہا کہ وہ یہ وعدہ تو نہیں کرتے کہ جھنگ کو پانچ سال بعد پیرس بنا دیں گے لیکن اہلیان جھنگ کو شہر کی آج سے بہت بہتر شکل نظر آئے گی۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے مولانا محمد معاویہ اعظم نے کہا کہ جھنگ کی تعمیر و ترقی کے لئے حکومت سے ایک روپیہ ملے یا ایک ارب روپے ملیں وہ کرپشن کی نظر نہیں ہوں گے بلکہ صرف اور صرف جھنگ کی ترقی پر خرچ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ان کی درخواست پر وفاقی حکومت نے خصوصی طور پر جھنگ کے ریلوے اسٹیشن کو اپ گریڈ کرنا شروع کر دیا ہے اور بہت جلد گاڑیوں کا شیڈول بھی بہتر ہو جائے گا۔ شہر کی خوبصورتی اور صفائی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک مربوط پلان کے تحت شہر کے تمام وارڈز میں ہفتہ وار صفائی کا شیڈول ترتیب دے دیا گیا ہے اور ہر وارڈ میں ایک سوسے زائد خاکروب اس وارڈ سے کوڑا کرکٹ اٹھانے اور سیوریج اور نالیوں کی مکمل صفائی کو یقینی بنائیں گے۔مقامی سینیئر صحافی ڈاکٹر ظہور کھرل کے سوال پر انہوں نے کہا کہ جھنگ کو ڈویژن کا درجہ دلوانے کے لئے پہلے کئی باتیں ہوتی رہیں لیکن اس ضلع کی 170سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ انہوں نے پنجاب کی سطح پر بنائی گئی کمیٹی کو تحریری درخواست دی ہے اور اس ضمن میں جھنگ کے تمام ایم پی ایز آن بورڈ ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ملحقہ اضلاع کے منتخب اراکین اسمبلی کو اعتماد میں لینے کے لئے ان سے ملاقاتیں جاری ہیں اور ضلع چنیوٹ کے دو ایم پی ایز نے جھنگ کو ڈویژن بنانے کے لئے اپنی حمایت کا یقین بھی دلایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جھنگ کے موجودہ جنرل بس اسٹینڈ کو گوجرہ روڑ پر پہلے سے بہتر انداز میں تعمیر کرنے کی تجویز ہے جس کا ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے اور بہت جلد اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

Custom Advertisement

Notice: Undefined variable: aria_req in /home/ahemnew1/public_html/wp-content/themes/Ahmad Theme/comments.php on line 73

Notice: Undefined variable: aria_req in /home/ahemnew1/public_html/wp-content/themes/Ahmad Theme/comments.php on line 79

اپنا تبصرہ بھیجیں