سموگ ، آلودگی اور حکومتی اقدامات تحریر ڈاکٹر تصدق حسین ایڈووکیٹ

سموگ ، آلودگی اور حکومتی اقدامات
کہکشائوں سے
ڈاکٹر تصدق حسین ایڈووکیٹ

کلین گرین پاکستان انڈیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ پچھلے دس برسوں سے لاہور کے 70فیصد درخت کاٹے گئے۔ میں لاہورمیں بڑا ہوا، تیس سے پینتیس سال تک لاہور ایک بڑا صاف شہر تھا مگر آ ج سانس لینا مشکل ہو چکا ہے۔ ہم یہاں نلکے کا پانی پیا کرتے تھے اور آب و ہوا صاف ہوا کرتی تھی۔ آج یہاں جوحالات ہیں ان سے بوڑھوں اور بچوں کی زندگیوں کو خطرہ ہے۔آلودگی ایک خاموش قاتل ہے جس کا احساس کئی برسوں بعد ہوتا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ”یہ وقت ہے کہ ہم سب مل کر اس حوالہ سے کام کریں کیونکہ کوئی حکومت یہ کام اکیلے نہیں کر سکتی ”۔ حکومت آہستہ آہستہ کلین اینڈ گرین پروگرام کے حوالہ سے مختص کیے جانے والے فنڈز بڑھائے گی۔
معزز قارئین ! وزیر اعظم نے بہت جامع خطاب کیا۔مسائل، حل اور پروگرام سب کا احاطہ کیا گیا۔ امید کی جا سکتی ہے حکومت اعلانات سے آگے عملی اقدامات تک جائے گی۔ اب معاملہ اپوزیشن کے رویے کا ہے وہ کب مثبت جواب دیتی ہے۔ آلودگی عام پاکستانی کا مسئلہ ہے اس مسئلہ پر تقسیم اور اختلاف رائے انسانیت اور انسانی حقوق سے انکار کے مترادف ہے۔ ہم کتنے بدنصیب ہیں کہ صاف فضاء میں سانس بھی نہیں لے سکتے۔
سیاست تو چلتی رہے گی مگر اس کیلئے زندہ رہنا ضروری ہے۔ جمہوریت، جمہور کیلئے ہے اور جمہور کو زندہ رہنے کیلئے سازگار ماحول چاہیئے۔ ماضی کو چھوڑ کر آگے بڑھتے ہیں کیونکہ ترقی کے نام پر لاہور اور ماحول کو برباد کرنے والے خادم اعلیٰ کو پاکستان کا قانون نہیں پوچھ سکتا۔ میری اور آپ کی کیا حیثیت، کیونکہ کروڑوں لوگوں کی جذباتی وابستگی ان کے ساتھ ہے۔
وہ کچھ غلط بھی کریں سیاست اور شخصیت پرستی میں ڈوبے ہوئے دھول بھلے چہرے پر ہی کیوں نہ ہو۔آئینہ صاف کرتے رہے گے۔” ووٹ کو عزت دینی ہے بس” ۔لاہور کے سیاسی فیصلے پر سر تسلیم خم۔
ستم ظریفی حکومتیں تبدیل ہو بھی جائیں ہماری سیاست کا چلن ہے کہ الزامات پچھلی حکومت پر ڈال دو عملی طور پر کچھ کرنے کی ضرورت نہیں۔گزشتہ چند سالوں سے لاہور اور گرد و نواح میں موسم سرماکی آمد کے ساتھ ہی فضائی آلودگی میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
آج سموگ یعنی گرد آلودہ دھند سے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع کے ہر شہری کو خطرہ لاحق ہے ۔وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے مسئلے کی سنجیدگی کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک دو دن کیلئے لاہور کے تمام سکول بند کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر تعلیم بھول گئے گجرانوالہ، شیخوپورہ، اوکاڑہ ،قصور ،فیصل آباد ،ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت دیگر اضلاع کے بچے بھی سموگ سے اتنے ہی متاثر ہوتے ہیں جتنے لاہور میں زیر تعلیم۔
پاکستان میں سموگ کو میڈ ان انڈیا بھی کہا گیا، ماہرین اور کچھ عوامی حلقوں کی جانب سے یہ تنقید بھی سامنے آئی کہ حکومت پاکستان نے فضائی آلودگی سے متعلق ائیر کوالٹی انڈیکس کے پیمانے میں ردو بدل کی تاکہ فضائی آلودگی کی سطح کو حقیقت سے کم دکھایا جا سکے۔ ناقدین کے مطابق حکومت غلط اعداد و شمار کے ذریعے عوام کو دھوکہ دے کر ان کی زندگیوں سے کھیلنا چاہتی ہے۔
چند دن کیلئے سکول بند، اینٹوں کے بھٹے بند، بارش سے صورتحال کچھ بہتر ہو گی۔ رت بدلے گی، بہار کی آمد کے ساتھ سموگ ختم۔ اگلے سال پھر سردی آئے گی اور سموگ۔ ماحول سے متعلق قوانین، پالیسیاں مختلف محکمے سرگرم، حکومتی عہدیداران کے بیانات سب کچھ دوبارہ ہو گا۔ ہم کیسی قوم ہیں، ہم سیاسی طور پر کتنے بے شعور ہے کہ ہم ایک سال کے بعد بھی حکومت اور ذمہ داران سے یہ پوچھنے کی جسارت نہیں کرتے کہ ذمہ داران کا تعین بھی ہو چکا تھا، اور بہترین پروگرام بھی سامنے آئے، احکامات بھی جاری ہوئے ایک سال میں بہتری کیا آئی۔۔۔؟؟؟
گزشتہ سالوں سے ہدایات جاری ہوتی ہیں باہر کم سے کم نکلیں، دروازے اور کھڑکیاں ضرورت کے وقت کھولیں، ماسک، چشمے اور ہیلمٹ کا استعمال کریں۔ سموگ ختم کرنے کیلئے سیمینار، واک، آگاہی مہم اور فوٹو سیشن یہ ہے سموگ سے بچنے کا رائج طریقہ۔ اب اس میں حکومت وقت کیا تبدیلی لاتی ہے اور واقعی ہی پاکستان کا ماحو ل بہتر ہوتا ہے آنے والے چند سالوں میں پتہ چلے جائے گا۔
فی الحال ہر مسئلے کا حل ہے جگت بازی۔۔۔۔ کے پی کے میں ایک ارب درخت کہاں لگے اور شجر کاری مہم کا کیا بنا ؟ کوئی مستند ڈیٹا دستیاب نہیں اور پاکستانیوں کو اس سے مستفید ہونے کی فرصت بھی نہیں۔ بس ہم تو خوش ہیں زندہ باد، مردہ باد، آوے ہی آوے، گو اور دیکھو دیکھو کون آیا۔ ہمارے مسائل کتنے سنگین ہیں اور حکومت کو اس کا کس حد تک ادراک ہے دیکھیں تو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملتا۔
میرے پیارے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے آگاہی مہم شروع کی کہ آئندہ چند برسوں میں پاکستان بوند بوند کو ترسے گا، چندہ مہم، اشتہارات، ڈیم کیلئے کوششیں یہاں تک کہ خیمہ لگا کر ڈیم کی تعمیر تک پہرے کی باتیں، ڈیم کی تعمیر کا معاملہ کہاں تک پہنچا ؟میرے سابق چیف جسٹس آج کل کہاں خیمہ زن ہیں ؟میں اپنی تمام معلومات کے باوجود لا علم ہوں۔
حکومت تبدیل ہوگئی،پاکستان کو ترقی یافتہ بنانے والے چلے گئے۔
حکومت ہی سے نہیں علاج کیلئے ملک سے چلے گئے، اب تو تبدیلی سرکار ہے۔ دیکھیں ماحول کیسے تبدیل ہوتا ہے۔۔۔؟؟؟
وزیر ماحولیات زرتاج گل موسم کی تبدیلی کا کریڈٹ عمران خان کو دیں یا موسم کی سہانی رت کو زرتاج گل سے منصوب کیا جائے کوئی اعتراض نہیں یہ سیاست ہے ،چلتی رہے گی مگر خدارا لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع کی عوام کو صاف فضاء میں سانس لینے کا حق دینے اور آلودہ ماحول کے خاتمے کیلئے کچھ کریں۔
میڈیا کا کردار بھی قابل غور ہے کراچی کے کوڑا کو لے کر کروڑوں پاکستانیوں کی شناخت کراچی کو کچراچی قرار دے کر پرومو چلانے والا میڈیا لاہور اور پنجاب کی اس حالت زار پر خاموش ہے۔ کراچی کے کوڑے پر سیاست اور سیاسی ماحول بنانے کیلئے ایسا کردار کسی بھی طرح قابل ستائش نہیں۔کراچی کے کچرے اور کتوں کے کاٹنے سے جتنے انسان متاثر ہو رہے تو کیا پنجاب کے رہائشی ماحولیاتی آلودگی کا مقابلہ لیپ ٹاپ کے استعمال اور میٹرو بس، اورنج ٹرین میں سفر کر سکتے ہیں۔
لاہور کے 70فیصد درخت کاٹنے والے آج اس تنقید کی زد میں کیوں نہیں جن کی غیر ذمہ دارانہ فیصلوں کے نتیجہ میں ماحول خراب ہوا۔قومی میڈیا پر لاہور اور پنجاب کو کتنا ائیر ٹائم ملتا ہے اور کراچی اور سندھ کے مسائل کتنے زیر بحث آتے ہیں۔کے پی کے اور بلوچستان پر مکمل خاموشی نظر آتی ہے۔ صرف ایک دن ہی سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر ٹی وی دیکھیں تو سب کچھ سمجھنامشکل نہیں کہ چل کیا رہاہے۔۔۔؟؟؟
حکومت وقت کی ذمہ داری ہے کہ ہوا کو صاف کرنے کیلئے ایک جامع حکمت عملی بنائی جائے جس پر سیاسی نقصان اور فائدے کی پروا کیے بغیر عمل کیا جائے۔
میڈ ان انڈیا آلودگی ایک طرف اندرونی ذرائع پر بھی قابو پانے کیلئے انتظامات ضروری ہیں۔ گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں، کوڑا جلایا جانا، صنعتی فضلاء، اینٹوں کے بھٹے، ایسی صنعتیں جو آلودگی پھیلانے کا سبب بن رہی ہیں یہ سب کچھ سموگ کی وجوہات ہیں۔ایک پالیسی کے تحت ایک دائرہ اختیار بنایا جائے کہ صوبائی حکومت آسانی سے عملی اقدامات کر سکے۔ سموگ کے مضر اثرات سے بچنے کیلئے احتیاتی تدابیر، آگاہی کے ساتھ شجر کاری بہت ضروری ہے۔ ہمیں خود بھی ذمہ دار شہری بن کر ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے افعال سے بچنا اور دوسروں کو بچانا ہے۔


Notice: Undefined variable: aria_req in /home/ahemnew1/public_html/wp-content/themes/Ahmad Theme/comments.php on line 73

Notice: Undefined variable: aria_req in /home/ahemnew1/public_html/wp-content/themes/Ahmad Theme/comments.php on line 79

اپنا تبصرہ بھیجیں