اسلام آباد میں پی ایس ایل کے میچ کروانے کااعلان خوش آئند ھے۔چیمبرآف کامرس۔بیورو رپورٹ

اسلام آباد (بیورورپورٹ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سپورٹس کمیٹی نے کمیٹی کے چیئرمین ناصر محمود چوہدری کی قیادت میں آئی سی سی آئی پریذیڈنٹ الیون اور چیئرمین الیون کے درمیان ایک دوستانہ کرکٹ میچ کا اہتمام کیا جو ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں کھیلا گیا۔ پڑیذیڈنٹ الیون کی قیادت چیمبر کے صدر احمد حسن مغل اور چیئرمین الیون کی قیادت فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک نے کی۔ پریذیڈنٹ الیون نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد میچ میں کامیابی حاصل کی۔ میچ کے اختتام پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے آٹھ میچوں کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور ان کی پوری ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں کیونکہ ان کی کوششوں سے پاکستان میں کرکٹ کی رونقیں دوبارہ بحال ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان میچوں کے انعقاد سے دنیا میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 39سے 40 غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان میں پی ایس ایل میں بھرپور شرکت اس بات کامنہ بولتا ثبوت ہے کہ دنیا اب پاکستان کو ایک پر امن اور محفوظ ملک سمجھتی ہے جہاں غیر ملکی کھلاڑی پورے اعتماد کے ساتھ آ سکتے ہیں اور کھیلوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔ احمد حسن مغل نے کہا کہ تقریبا 2لاکھ افراد ان میچوں کو دیکھنے کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم آئے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ قوم میں کرکٹ کا کتنا جنون پایا جاتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پی ایس ایل کے پاکستان میں کامیاب میچوں سے ملک میں سیاحت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو بھی بہتر فروغ ملے گا کیونکہ دنیا کو اب پتا چل چکا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے۔انہوں نے چیمبر کی سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین ناصر محمود چوہدری اور کمیٹی کے تمام ممبران کو بھی دوستانہ کرکٹ میچ کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آئندہ سال پاکستان سپر لیک کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کا اعلان کیا ہے جس کا تاجر برادری سمیت پوری قوم خیر مقدم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے بحال ہونے سے صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بھی بہتر فروغ ملے گا کیونکہ سپورٹس اب اربوں ڈالر کی انڈسٹری بن چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے بحال ہونے سے پاکستان میں سیاحت کو بھی بہتر فروغ ملے گا جس سے روزگار کے بے شمار نئے مواقع پیدا ہوں گے۔


Notice: Undefined variable: aria_req in /home/ahemnew1/public_html/wp-content/themes/Ahmad Theme/comments.php on line 73

Notice: Undefined variable: aria_req in /home/ahemnew1/public_html/wp-content/themes/Ahmad Theme/comments.php on line 79

اپنا تبصرہ بھیجیں